ویب ڈیسک : ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے کارروائی کے دوران انسانی اسمگلنگ میں ملوث منظم گینگ کا اہم ملزم گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم اسرار احمد کو شیخوپورہ سے گرفتار کیا گیا، ملزم شہریوں کو سمندر کے غیر قانونی راستے سے یورپ بھجوانے میں ملوث ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم عمرہ ویزے کے ذریعے شہریوں کو سعودی عرب اور بعد ازاں لیبیا بھجواتا تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم لیبیا سے غیر قانونی سمندری راستے سے شہریوں کو یورپ بھجوانے میں ملوث ہے۔ ملزم کے خلاف کارروائی اسلام آباد ائرپورٹ پر آف لوڈ ہونے والے مسافروں کی نشاندہی پر عمل میں لائی گئی۔
ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔