اویس کیانی: پاکستان کے دارالحکومت کو کیپٹل سمارٹ سٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ، جس کے تحت اسلام آباد ملک کا پہلا مکمل ڈیجیٹل اور مربوط شہری نظام رکھنے والا شہر بنے گا،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ یکم جنوری سے بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے اسلام آباد میں داخلے پر پابندی عائد ہوگی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے اسلام آباد سیف سٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں جدید ڈیجیٹل وال پر شہر کی نگرانی، امن و امان کے اقدامات اور کنٹرول روم میں سیکیورٹی نظام پر بریفنگ دی گئی، محسن نقوی نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سکیورٹی سرویلنس اور چائنیز ڈیسک کا بھی معائنہ کیا۔
سیف سٹی ہیڈکوارٹرز میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ کیپٹل سمارٹ سٹی منصوبے پر کام تیز کیا جائے اور شہری سہولیات جیسے ریسکیو 1122، ٹریفک پولیس، سیکیورٹی اور سی ڈی ایم اے کو ایک مرکزی نظام کے تحت مربوط کیا جائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ اس منصوبے کا دائرہ کار مستقبل میں پورے ملک تک پھیلایا جائے گا اور اسلام آباد کو محفوظ ترین شہر بنانے کے لیے اسے ماڈل کے طور پر اپنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیف سٹی میں اصلاحات اور ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔
آئی جی اسلام آباد پولیس نے بریفنگ میں بتایا کہ محرم الحرام کے دوران سیف سٹی کیمروں کی مدد سے وقت اور وسائل کی نمایاں بچت ہوئی، جس سے سیکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنائے جا سکے۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔