ویب ڈیسک :جاپانی کار ساز کمپنی ٹویوٹا کی عالمی گاڑیوں کی فروخت اور پیداوار میں جولائی کے دوران کمی ریکارڈ کی گئی، جس کی بڑی وجہ چین، امریکا اور مشرق وسطیٰ کی مارکیٹوں میں کمزور کارکردگی بنی۔
رائٹرز کے مطابق ٹویوٹا کی عالمی گاڑیوں کی فروخت جولائی میں گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 4.8 فیصد کم ہوکر 8 لاکھ 56 ہزار 125 گاڑیاں رہ گئی۔ کمپنی کی عالمی پیداوار میں بھی 2.1 فیصد کمی ہوئی۔
ٹویوٹا کیلئے سب سے بڑا دھچکا چین کی مارکیٹ سے آیا، جہاں جولائی میں کمپنی کی گاڑیوں کی فروخت 24.3 فیصد کم ہوئی۔ یہ چین میں ٹویوٹا کی فروخت میں مسلسل چھٹے ماہ کمی ہے۔
کمپنی کے مطابق چین میں پٹرول کی بلند قیمتوں نے ہائبرڈ اور روایتی انجن والی گاڑیوں کی طلب کو متاثر کیا، جس کے نتیجے میں ٹویوٹا کی فروخت میں نمایاں کمی سامنے آئی۔
امریکا، جو ٹویوٹا کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے، وہاں بھی فروخت میں 0.8 فیصد کمی ہوئی، جبکہ مشرق وسطیٰ میں صورتحال مزید خراب رہی جہاں ٹویوٹا کی فروخت 44.5 فیصد تک گر گئی۔
دوسری جانب جاپان میں کمپنی کی کارکردگی بہتر رہی اور مقامی فروخت میں 11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس نے عالمی سطح پر ہونے والی کمی کے اثرات کسی حد تک کم کیے۔
پیداوار کے معاملے میں چین میں ٹویوٹا کی پیداوار 32.7 فیصد کم ہوئی جبکہ امریکا میں بھی پیداوار میں 4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس کے برعکس جاپان میں پیداوار 12.4 فیصد بڑھ گئی۔
جاپان سے ٹویوٹا کی برآمدات میں بھی مسلسل تیسرے ماہ اضافہ ہوا۔ جولائی میں برآمدات 10.2 فیصد بڑھ کر ایک لاکھ 96 ہزار سے کچھ زیادہ گاڑیوں تک پہنچ گئیں، جو اکتوبر کے بعد بلند ترین سطح ہے۔
ٹویوٹا کے جاری کردہ اعداد و شمار میں کمپنی کا لگژری برانڈ لیکسس بھی شامل ہے۔