( ویب ڈیسک) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے واشنگٹن میں ہفتے کی رات کو صحافیوں کو دیئے گئے ڈنر میں فائرنگ کی وجہ سے مہمان کھانا نہیں کھا پائے۔ ڈنر میں بلاسٹر اور اسٹیک جیسے مہنگے کھانے شامل تھے جس کی ہر پلیٹ کی قیمت 230 ڈالر (ایک لاکھ پاکستانی روپے سےزائد) تھی۔فائرنگ کے سبب صحافی کھانا نہیں کھا پائے ، جس کے بعد 2600 لوگوں کا کھانا شیلٹر ہوم بھیجا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ہفتے کی رات وائٹ ہاؤس کوریسپانڈنٹ ڈنر کے دوران ہوئی فائرنگ کے سنسنی خیز واقعہ کے بعد افراتفری مچ جانےکے سبب ہوٹل میں 2600 مہمانوں کے لیے تیار کیا گیا کھانا بغیر کھائے رہ گیا۔ یہ پروگرام مشہور’ہوٹل ہلٹن‘ میں رکھا گیا تھا جہاں امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ، نائب صدر، وزیردفاع، انٹیلی جنس سربراہ سمیت بڑی تعداد میں معززین اور سینئر صحافی موجود تھے۔فائرنگ اس وقت ہوئی جب امریکی صدر کی جانب سے صحافیوں کو دیا جانے والا سالانہ ڈنر پروگرام اپنے شباب پر تھا اور صدر ٹرمپ اسٹیج پر موجود تھے۔ اسی اثنا میں اچانک ایک حملہ آور نے گولی چلا دی جس سے وہاں افرا تفری مچ گئی۔ سیکورٹی ایجنسیوں نے فوراً کارروائی کی اور صدر ٹرمپ کو وہاں سے محفوظ جگہ پر لے گئے۔ اس دوران ایک سروس افسر کو گولی لگی لیکن وہ بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے بچ گیا۔ ملزم کو موقع ہر ہی حراست میں لے لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اس واردات کی وجہ سے ڈنر پوری طرح سے رُک گیا اور مہمان کھانا نہیں کھا پائے۔ ڈنر میں بلاسٹر اور اسٹیک جیسے مہنگے کھانے شامل تھے۔ ہر پلیٹ کی قیمت 230 ڈالر (ایک لاکھ پاکستانی روپے سےزائد) تھی۔ جس کے بعد تیار شدہ اتنے پکوانوں کو ہلٹن ہوٹل نے اسے پھینکنے کی بجائے ضرورت مند لوگوں کو دینے کا فیصلہ کیا۔ ہلٹن ہوٹل نے تقریباً 2600 پلیٹ کھانا 2 شیلٹر ہومز کو عطیہ کر دیا جہاں گھریلو تشدد سے متاثر خواتین اور بچے رہتے ہیں۔ کھانے کو خراب ہونے سے بچانے کے لیے پہلے اسے فریز کیا گیا تاکہ وہ زیادہ وقت تک محفوظ رہ سکے۔ اس کے بعد اسے شیلٹر ہومز تک پہنچایا گیا۔
معروف چینل’سی بی ایس‘ نیوز کی وائٹ ہاؤس نمائندہ ویجیا جیانگ نے ہوٹل کے اسٹاف کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود اسٹاف نے پوری رات کام کیا اور یقینی بنایا کہ کھانا خراب نہ ہو بلکہ ضرورت مندوں تک پہنچ جائے۔ ہوٹل کے ترجمان نے بھی بتایا کہ عام طور پر ایسے پروگراموں کے بعد بچا ہوا کھانا مقامی اداروں کو عطیہ کرتے ہیں۔
Stay tuned with 24 News HD Android App