ویب ڈیسک: ترجمان پاور ڈویژن نے کہا ہےکہ ایل این جی کی عدم دستیابی کے باعث 5 ہزار میگاواٹ کے پاور پلانٹس سے بجلی پیدا نہیں ہورہی۔
ترجمان پاور ڈویژن نے 27 اپریل رات پیک اوقات میں بجلی کی پیداواری صورتحال بتاتے ہوئے کہا کہ تربیلاڈیم سے پانی کےاخراج میں رات کے وقت اضافے سے پن بجلی پیداوار میں اضافہ ہوا،کل رات پیک ٹائم میں پن بجلی کی پیداوار 6 ہزارمیگاواٹ رہی، ملک کی کُل پن بجلی کی استعداد 11500میگاواٹ ہے،کچھ پاورپلانٹس کومقامی گیس فراہمی سے بجلی پیداوار میں مزید بہتری آئی، 100میگاواٹ سینٹر لانے میں آسانی ہوئی جبکہ ملک کے جنوب سے کل 500 میگاواٹ کی ترسیل ممکن ہوئی۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں نے رات کے پیک اوقات میں ایک گھنٹے سے 2گھنٹے تک لوڈ مینجمنٹ کی، پن بجلی پیداوار میں اضافے سے ڈیمانڈ کے باوجود لوڈ مینجمنٹ 2 گھنٹے سے زیادہ نہیں ہوئی،اکنامک لوڈ مینجمنٹ کا پیک آورز میں لوڈ مینجمنٹ سے کوئی تعلق نہیں۔
ترجمان کے مطابق ایل این جی کی عدم دستیابی سے 5 ہزار میگاواٹ کے پاور پلانٹس سے بجلی پیدا نہیں ہورہی، ایل این جی کی دستیابی اور پانی کے اخراج میں اضافے سے رات کےاوقات کا شارٹ فال ختم ہوجائے گا۔