(بابر شہزاد ترک)بانی پی ٹی آئی عمران خان کو پمز میں طبی معائنہ کے بعد واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو گذشتہ رات خصوصی سکیورٹی حصار میں اڈیالہ جیل سے پمز لے جایا گیا۔
پمز میں بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں دانت اور دیگر حوالے سے چیک اپ کیا گیا۔
جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا معمول کا طبی معائنہ تھا ،بانی کو طبی معائنہ کے بعد منگل کی صبح سویرے واپس اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔
تحریک انصاف کی قیادت نے اس اقدام پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور اسے خفیہ منتقلی قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ ایسے طبی دورے اکثر رات کی تاریکی میں کیوں کیے جاتے ہیں اور اس کی پیشگی اطلاع اہل خانہ یا قانونی ٹیم کو کیوں نہیں دی جاتی۔
یہ 2026 میں عمران خان کی صحت سے متعلق تیسری بڑی اسپتال منتقلی ہے جس سے ان کی طبی صورتحال پر مسلسل بحث جاری ہے، اس سے قبل جنوری میں 24 تاریخ کو انہیں مرکزی ریٹینل وین اوکلوژن کے علاج کے لیے پمز منتقل کیا گیا تھا جسے حکومتی موقف کے مطابق ماہرین کے مشورے پر معمول کی طبی کارروائی قرار دیا گیا، اسی طرح 24 فروری کو بھی انہیں آنکھ کے فالو اپ علاج کے لیے خصوصی طبی مرکز لے جایا گیا تھا جس پر پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم نے شفافیت کے فقدان اور اہل خانہ کو آگاہ نہ کرنے پر سخت احتجاج کیا تھا۔