(ویب ڈیسک)وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے کہاہے کہ روس سے معاہدہ ہو چکا ہے، روس سے جلد سستا تیل درآمد کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت پیٹرولیم کاکہناتھا کہ معاشی ترقی کیلئے توانائی کی فراہمی ضروری ہے،وزیراعظم نے کل بتایا کہ روس سے معاہدہ ہو چکا ہے،مصدق ملک نے کہاکہ روس سے جلد سستا تیل درآمد کیا جائے گا، ملکی ترقی کیلئے توانائی کی کمی پوری کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جلد ہی پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا،گزشتہ حکومت نے روس سے تیل درآمد کا صرف ڈھونڈورا پیٹا،روس سے تیل کے حصول کو موجودہ حکومت نے ممکن بنایا۔وزیراعظم نے 10سے 14ارب ڈالر کی ریفائنری کے قیام کا اعلان کیا، آئل ریفائنری کے قیام سے لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔
پریس کانفرنس میں مصدق ملک کا مزید کہنا تھا کہ امیروں سے سستی گیس واپس لے کر عوام کو فراہم کی جائے گی،ایل پی جی، ایل این جی اور سولر کے ذریعے توانائی کی فراہمی کیلئے پالیسی بنائی گئی ہے، فیصلے سے عوام کو سہولت فراہم ہو گی ، آج کچھ لوگوں کی اجارہ داری کو ختم کر دیا گیا ہے۔ہمیں توانائی کے ذرائع کو ذمہ داری کے ساتھ استعمال میں لانا ہو گا۔