سٹی 42 : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 71 سے زائد دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا منہ بولتا ثبوت ہے، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو کلیئر کر کے مقامی آبادی کو فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے خطرے سے نجات دلائی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
شبہاز شریف نے کہاکہ پاکستان کی سرزمین سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہمارا عزم ہے، عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی ۔