ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مریم حکومت تمام مسجدوں کے پیش اماموں کو ماہانہ ہدیہ پیش کرےگی

مریم حکومت تمام مسجدوں کے پیش اماموں کو ماہانہ ہدیہ پیش کرےگی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: پنجاب حکومت نے صوبے کی 65 ہزار مساجد کے آئمہ کرام کے لیے وظیفہ مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

 وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ امام مسجد معاشرے کا قابلِ احترام اور تکریم فرد ہے، اس لیے حکومت ان کی مالی معاونت کرے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ محلے میں چندہ اکٹھا کر کے امام مسجد کو ادائیگی کرنا غیر مناسب عمل ہے، حکومت آئمہ کرام کی ضروریات پوری کرنے میں ان کی مدد کرے گی۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ مساجد کی تعمیر و مرمت کے منصوبے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کر لیے گئے ہیں، اور وزیراعلیٰ نے ان منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے اقدامات کی ہدایت جاری کی۔

رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے سلسلے میں رائیونڈ کی رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل کر لی گئی ہے جبکہ اجتماع کے لیے خصوصی بسیں بھی چلائی جائیں گی۔ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز آئمہ کرام سے خود ملاقات کریں۔ اجلاس میں پنجاب میں سائبر کرائم سیل قائم کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا اور لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال کے خلاف کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔

مذہبی حلقوں کی جانب سے حکومت کے ان اقدامات کو سراہا گیا۔ اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر کی تمام مساجد میں نماز جمعہ اور دیگر نمازیں باجماعت ادا کی جا رہی ہیں۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ مسجد اللہ تعالیٰ کا گھر ہے اور اس کا تقدس برقرار رکھنا ہر مسلمان پر فرض ہے جبکہ شرپسندی کے لیے مساجد استعمال کرنے والوں کی نشاندہی ہر پرامن شہری کی ذمہ داری ہے۔