(عمران یونس)حکومت پنجاب نے صاف پانی کمپنیوں کو ختم کر کے نئی اتھارٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے"پنجاب آبِ پاک اتھارٹی" بنائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور گورنر نے اتھارٹی کے قیام کیلئے گرین سگنل دے دیا۔ لاء ڈیپارٹمنٹ نے اتھارٹی مسودے کی تیاری بھی شروع کردی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب آب پاک اتھارٹی بریف رپورٹ کے مطابق صوبہ کے110 ملین افراد کو صاف پانی کی سہولت فراہم ہوگی۔ 5 کلومیٹرحدود میں رہائشیوں کو فی کس پانچ لیٹر پینے کا صاف پانی ملے گا۔ پنجاب آبِ پاک اتھارٹی کی سربراہی حکومت پنجاب جبکہ گورننگ باڈی میں چیئرمین سمیت نو افراد ہونگے جن میں چار سابق افسر اور پانچ آزاد ممبران شامل ہونگے۔
اتھارٹی ڈبلیو ایچ او کی گائیڈلائن اور نیشنل سٹینڈر کوالٹی کا پانی فراہم کرے گی۔ واٹر ٹیرف چنگا پانی اور الخدمت واٹر شاپس کے مطابق ہوگا، اتھارٹی کیلئے فنڈنگ بین الاقوامی سافٹ لونز، چیمبر آف کامرس، اپٹما، این جی اوز، روٹری کلب، یونیسیف، ملٹی نیشنل کمپنیز، بزنس کمیونٹی، مڈل ایسٹ گروپ سمیت دیگر سے ہوگی۔