ویب ڈیسک : 2020 کی مقبول بولڈ ویب سیریز ’چڑیلز‘ کا دوسرا سیزن بھی بنایا جائے گا۔ تیاریاں مکمل ، کاسٹ فائنل کرلی گئی ۔
’چڑیلز‘ کے پہلے سیزن کو 11 اگست 2020 کو ’زی فائیو‘ پر ریلیز کیا گیا تھا جسے کافی لوگوں نے پسند کیا، اسے پاکستان کی پہلی بولڈ ویب سیریز بھی قرار دیا گیا تھا۔’چڑیلز‘ کی کہانی شوہروں کی بے وفائی کے بعد جاسوس بن جانے والی چار خواتین کے گرد گھومتی ہے جو سیریز میں اپنی جیسی دوسری خواتین کی زندگی بچانے کے لیے اپنی زندگیاں خطرے میں ڈال دیتی ہیں۔
ویب سیریز میں چاروں خواتین کو گھریلو زندگی چھوڑ کر دھوکا دینے والے شوہروں کو بے نقاب کرتے دکھایا گیا ہے، چڑیلز کی ہدایات عاصم عباسی نے دی تھیں۔
ویب سیریز میں ثروت گیلانی نے سارہ، یاسرہ رضوی نے جگنو، نمرہ بُچہ نے بتول اور مہربانو نے زبیدہ کا کردار ادا کیا ہے اور ویب سیریز میں ان چار مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو ایک گینگ کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ اداکارہ ثروت گیلانی نے دوسرا سیزن بنانے کی تصدیق کی ہے ۔