( سٹی42)کراچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی سندھ کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت اللہ ڈنو ولد غلام محمد اور فراز احمد عرف طوطو کے نام سے ہوئی ہے، دونوں ملزمان کا تعلق کالعدم سندھودیش ریوولیوشن آرمی سے بتایا گیا ہے۔
کارروائی کے دوران ملزمان کو کراچی کے مختلف علاقوں سے حراست میں لیا گیا،سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزمان دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔
برآمد ہونے والے سامان میں 10 رول نما بم اور 8 سیفٹی فیوز شامل ہیں۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزم فراز احمد عرف طوطو پہلے بھی مختلف مقدمات میں مطلوب رہا ہے اور اس پر حساس تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام بھی ہے۔
تحقیقات کے دوران ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر کارروائیوں کا اعتراف کیا ہے،مزید بتایا گیا ہے کہ ملزم صدر کراچی میں چائنیز ڈینٹل کلینک پر فائرنگ کے واقعے میں بھی ملوث تھا جس میں ایک ڈاکٹر جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوئے تھے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان شہر میں دھماکوں کی منصوبہ بندی میں بھی سرگرم رہے ہیں اور ان سے مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔
ادارے نے گرفتار ملزمان کے سہولت کاروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔