علی ساہی: آئی جی پنجاب عبدالکریم نے لاہور سمیت صوبہ بھر کے شہریوں، پولیس افسران اور جوانوں کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ عید کے موقع پر صوبے بھر میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
آئی جی پنجاب کے مطابق پولیس ہائی الرٹ ہے اور نمازیوں، شہریوں اور عید اجتماعات کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ شہری سنتِ ابراہیمی پرسکون اور محفوظ ماحول میں ادا کر سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ حساس مساجد، امام بارگاہوں، عید گاہوں، پارکوں اور تفریحی مقامات پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ ڈولفن اسکواڈ، پیرو اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں مسلسل پٹرولنگ کر رہی ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبہ بھر میں 30 ہزار 630 مساجد کی سکیورٹی کیلئے پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ کھلے مقامات پر ہونے والے 907 عید اجتماعات کی نگرانی کیلئے 45 ہزار سے زائد اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ کوئیک رسپانس فورس کی 316 خصوصی ٹیمیں بھی سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہیں جبکہ 11 ہزار 130 میٹل ڈیٹیکٹرز، 327 واک تھرو گیٹس اور 15 ہزار 273 کیمروں کے ذریعے نگرانی کا عمل جاری ہے۔
لاہور میں 5 ہزار سے زائد عید اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے 11 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے تمام سپروائزری افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ عید الاضحیٰ کے دوران سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کریں۔ انہوں نے قربانی کی کھالیں جمع کرنے کیلئے محکمہ داخلہ کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث کالعدم تنظیموں کی سخت نگرانی کی جائے گی جبکہ سی ٹی او لاہور اور ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران کو صوبہ بھر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔