ویب ڈیسک : موسم گرما کے آتے ہی ہر جگہ تربوز نظر آنےلگتا ہے، تربوز کے استعمال سے صحت پر اِن گنت طبی فوائد حاصل ہوتے ہیں،تربوز غذائیت سے بھر پور پھل ہے جس کے استعمال سے گرمیوں میں ڈی ہائیڈریشن کی شکایت بھی دور ہوتی ہے۔
تفصیلات کےمطابق تربوز کے استعمال سے صحت پر اِن گنت طبی فوائد حاصل ہوتے ہیں،تربوز غذائیت سے بھر پور پھل ہے، غذائی ماہرین کے مطابق تربوز موسم گرما کا وہ خاص پھل ہےجس میں 92فیصد مقدار پانی پایا جاتا ہے اور پانی انسانی صحت کے لیے بہت اہم ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق تربوز اینٹی آکسی ڈنٹ کے طور پر بھی کام کرتا ہے اور قوت مدافعت بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے، تربوز کا استعمال کینسر کے خلاف بھی معاون ثابت ہوتا ہے، اس کی ٹھنڈی تاثیر اور اس میں موجود وٹامن بی جسم میں تھکاوٹ کا احساس کم کرتا ہے اور انسان کو تروتازہ اور خوشگوار محسوس کرواتا ہے، تربوز میں موجود امائنو ایسڈز بلڈ پریشر کو قابو رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
دل کی صحت کے لیے بہترین پھل
طبی ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں موت کی سب سے زیادہ وجوہات میں دل کا عارضہ بھی پایا جاتا ہے، تربوز انسان کو عارضہ قلب کی بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے اور بلڈ پریشر سمیت کولیسٹرول کو کم کرنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے، تربوز میں بڑی تعداد میں امینو ایسڈ پایا جاتا ہے جو کہ خون کی بند شریانوں کو کھولتا اور ہائی بلڈ پریشر سے محفوظ رکھتا ہے۔
بینائی کے لیے مفید
تربوز میں وافر مقدار میں لائیکو پین جز پایا جاتا ہے جو بینائی کی حفاظت کرتا ہے اور سوزش جیسی شکایات سے بچاتا ہے، ماہرین کے مطابق بڑھتی عمر کے ساتھ انسانی آنکھوں میں بینائی کمزور پڑنے لگتی ہے جبکہ تربوز کا استعمال مضبوط نظر کے لیے نہایت مفید قرار دیا جاتا ہے، تربوز کا استعمال دماغ کو بھی طاقت اور صحت بخشتا ہے۔
موسمی انفیکشن اور وائرل سے بچاؤ کا ذریعہ
انسانی جسم میں انفیکشن کی روک تھام میں تربوز کا استعمال اہم کردار ادا کرتا ہے، تربوز میں مختلف وٹامنز اور اینٹی آکسیڈنٹ پائے جانے کے سبب انفیکشنز کا بروقت خاتمہ ممکن ہوتا ہے۔تربوز میں موجود لائیکوپین اور وٹامن سی اینٹی انفکیشن اجزا ہیں جو کہ انفیکشنز کو روکنے کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوتے ہیں
کینسر سے بچاؤ
تربوز میں ایسے اجزا بھی شامل ہوتے ہیں جو انسان کو کینسر جیسے مہلک مرض سے محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق تربوز میں شامل کوکربیٹناسن ای اور لیوپیین کی مقدار کینسر کےخظرے کو کم کرتی ہے۔
تربوز کے استعمال سے خوبصورتی میں اضافہ
تربوز کا استعمال انسانی جسم کو طاقت بخشتا ہے اور بالوں کو صحت مند بناتا ہے، اس کے استعمال سے چہرے پر تازگی اور جِلد بھی تروتازہ شاداب نظر آ تی ہے۔تربوز میں وٹامن اے اور سی کی موجودگی جسم اور بالوں کی صحت کے لیے مفید قرار دی جاتی ہے جبکہ وٹامن سی بھی جلد اور بالوں کی تندرستی میں مدد فراہم کرتا ہے۔وٹامن اے کی کمی انسانی جسم میں خشکی پیدا کرتی ہے، تربوز کا استعمال خلیات کو نمی مہیا کرتا ہے جس کے نتیجے میں جسم میں ہونے والی خشکی کا خاتمہ ہوتا ہے۔تربوز میں پایا جانے والا جز بیٹا کیروٹین مرکب جلد کی صحت کے لیے مفید ے جبکہ لائیکوپین جلد کو سورج کی شعاؤں کے مضر اثرات سے بھی بچاتا ہے اور ان کے اثرات کو جَلد زائل کرتا ہے.