نامور فلمی اداکارہ رانی کی 27ویں برسی

نامور فلمی اداکارہ رانی کی 27ویں برسی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

رائل پارک (زین مدنی )پاکستان کی نامور فلمی اداکارہ رانی کی 27ویں برسی ( آج) 27مئی کو منائی جا رہی ہے۔اداکارہ رانی کا اصل نام ناصرہ تھا اور وہ 8دسمبر 1946 کو لاہور میں پیدا ہوئی تھیں۔ رانی مشہور گلوکارہ مختار بیگم کے ڈرائیور کی بیٹی تھیں جس نے رانی کو فنی تربیت کے لئے مختار بیگم کے حوالے کردیا۔

مختار بیگم نے رانی کی مکمل تربیت کی،1962 میں ہدایتکار انور کمال پاشا نے انہیں رانی کا فلمی نام دے کر اپنی فلم ” محبوب “ میں کاسٹ کیا۔ یہ فلم تو کامیاب نہیں ہوئی مگر اس کے بعد رانی پر فلمی دنیا کے دروازے کھل گئے۔ ابتدا میں رانی متاثر کن کامیابی حاصل نہ کرسکیں مگر پھر اداکارو ہدایتکار کیفی کی پنجابی فلم ”چن مکھناں “ان کی ایک سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی اور یوں ان کی کامیابیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

ان کی کامیاب ترین فلموں میں دیور بھابھی، بہن بھائی، انجمن، شمع اور پروانہ، تہذیب، امراﺅ جان ادا، دیدار، ایک گناہ اور سہی، ثریا بھوپالی، ناگ منی، پیاس، سیتا مریم مارگریٹ، بابل، میرا گھر میری جنت، سونا چاندی ، مکھڑا چن ورگا،چن سجناں، دل میرا دھڑکن تیری اور بہارو پھول برسا کے نام سرفہرست ہیں۔

رانی نے اپنے فلمی کیریئر میں مجموعی طور 168فلموں میں کام کیا جن میں 103فلمیں اردو میں اور 65فلمیں پنجابی زبان میں بنائی گئی تھیں۔ان کی آخری فلم ”کالا طوفان “تھی جو 1987 میں نمائش پذیر ہوئی۔ انہوں نے اپنی بہترین اداکاری پر تین نگار ایوارڈز بھی حاصل کئے۔ 1980 کی دہائی میں رانی نے پاکستان ٹیلی وڑن کی کئی ڈرامہ سیریلز میں بھی کام کیا جن میں ان کی اداکاری کو بہت سراہا گیا۔

ان ٹی وی سیریلز میں ”خواہش “اور ”فریب “کے نام سرفہرست تھے۔ رانی نے تین شادیاں کی تھیںاوربد قسمتی سے تینوں شادیاں ناکام رہیں۔ رانی 27مئی 1993 کو جہانی فانی سے کوچ کر گئیں۔

Shazia Bashir

Content Writer