میر ظفرالله: سندھ حکومت نے صوبے میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر پٹرول کی بچت کو یقینی بنانا ہے۔
ترجمان سندھ حکومت دیوان سکھدیو آسرداس کا کہناتھا کہ یہ سمارٹ لاک ڈاؤن ماضی کے کورونا لاک ڈاؤن سے مختلف ہوگا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد انسانی میل جول محدود کرنا نہیں بلکہ ایندھن کے استعمال میں کمی لانا ہے۔ ایران اور دیگر خطوں میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک میں ایندھن کے ذخائر کو محفوظ بنانا ضروری ہو گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں میں آن لائن کلاسز کا انعقاد کیا جا سکتا ہے جبکہ سرکاری و نجی دفاتر میں ورک فرام ہوم پالیسی اپنانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ اس کے علاوہ سڑکوں پر ٹریفک کم کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ پٹرول کی کھپت میں کمی لائی جا سکے۔
ترجمان کے مطابق ہسپتال، پولیس اور پبلک ٹرانسپورٹ کو اس لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ رکھا جائے گا جبکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کا امکان ہے، جس میں واضح کیا جائے گا کہ کن شعبوں پر پابندیاں لاگو ہوں گی۔