(زاہد چودھری)دنیا بھر میں جان لیواکورونا وائرس کے وار جاری ہیں، وائرس کا شکار افراد کی تعداد میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے، واپڈا ٹاؤن کے رہائشی ایک ہی خاندان کے 5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق کورونا سے دنیا میں ہلاکتیں 24 ہزار سے تجاوز کر گئیں، مریضوں کی تعداد 5 لاکھ سے بڑھ گئی، پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے باعث اموات کی تعداد 9 اور متاثرہ افراد کی تعداد 1200 سے اوپر چلی گئی ہے،ملک میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے کیسز سندھ میں سامنے آئے،دوسرے نمبر پر پنجاب اور تیسرے نمبر پر خیبر پختونخوا ہے۔
شہر کامشہور علاقہ واپڈا ٹاؤن جہاں مقیم ایک ہی خاندان کے 5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی،نوجوان میں 22 مارچ کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس پرمیو ہسپتال منتقل کیا گیا،دوبارہ ٹیسٹ کرنے پر ایک بھائی، دو بہنیں اور والدہ بھی کورونا وائرس میں مبتلاپائی گئی۔
کورونا وائرس میں مبتلا ایک ہی خاندان کے پانچوں افراد ہسپتال منتقل کردیا گیا،لاہور میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 103 تک پہنچ چکی ہے۔
واضح رہے کہ لاہور میں ایک اور شہری کورونا وائرس کے ہاتھوں زندگی کی باز ہار گیا،جس کے بعد لاہور میں ہلاکتوں کی تعداد تین ہوگئی،جان لیوا وائرس سے بچنے کےلئے طبی ماہرین کی جانب سے لوگوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ لوگوں سے ہاتھ ملانے ، میل جول اور خاص طور پر انجان لوگوں سے دور رہیں۔