افشاں رضوان: شہر میں گرمی کی شدت برقرار ہے اور سورج کی تپش میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، تاہم حبس کے باعث یہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کیا جا رہا ہے۔
شہر میں موسم گرم اور خشک ہے جبکہ بارش کا فی الحال کوئی امکان نہیں۔ ہوا میں نمی کا تناسب 37 فیصد اور ہوا کی رفتار 2 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث شہری شدید حبس کا سامنا کر رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سسٹم کے جولائی کے پہلے ہفتے میں پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں باقاعدہ بارشوں کا آغاز متوقع ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات نے متوقع مون سون بارشوں کے پیش نظر پنجاب کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خدشے کا الرٹ بھی جاری کیا ہے اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ صبح 10 بجے سے سہ پہر 3 بجے کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔