سٹی42: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ امید ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ غزہ میں بھی جنگ بندی کرائیں گے، پاکستان امن کیلئے اٹھائے ہر قدم کا خیر مقدم کرتا ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی سے امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران انسداد دہشتگردی اور انسداد منشیات کے حوالے سے جاری اشتراک کار پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قریبی تعاون ناگزیر ہے۔ملاقات میں موجودہ علاقائی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی صدر کے مابین حالیہ ملاقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران اور اسرائیل کے درمیان سیز فائر کرانے میں امریکی صدر کی غیر معمولی قیادت اور مخلصانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیز فائر کے حوالے سے امریکی صدر کا متاثر کن کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ غزہ میں بھی جنگ بندی کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ قیام امن کے لیے امریکی صدر کے زبردست اقدامات قابل تحسین ہیں۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سے کشمیر سمیت تمام تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔ پاکستان خطے میں امن کے لیے ہر ممکن قدم کو خوش آمدید کہتا ہے۔
قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے کہا کہ پاکستان خطے کا اہم دوست ہے۔ امریکہ، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔