(وقاص احمد) کاہنہ میں قبضہ مافیا کی شہریوں پر فائرنگ کے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی، ملزمان کو لگژری گاڑیوں میں بیٹھ کر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے، پولیس اب تک کسی ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی۔
گزشتہ روز کاہنہ کے علاقے خالد ٹاؤن میں قبضہ مافیا کی جانب سے زمین کے تنازع پر شہریوں سابق کونسلر اور اسکے بھائی پر فائرنگ کی گئی ،ملزمان کے موقع سے بھاگ جانے اور پولیس کی جانب سے گرفتار نہ کرنے پر خالد ٹاؤن کے مکینوں نے پولیس کیخلاف فیروز پور روڈ بلاک کرکے احتجاج کیا ، مظاہرین نے پولیس کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کردیا، فائرنگ کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سٹی 42 نے حاصل کرلی، فائرنگ کے واقعے کی فوٹیج میں کچھ ملزمان کو لگژری گاڑیوں میں بیٹھ کر اور چند کو گاڑیوں سے اتر کر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
فائرنگ کے بعد ملزمان ہاتھوں میں اسلحہ لہراتے ہوئے موقع سے فرار ہوجاتے ہیں، کاہنہ پولیس نے تین نامزد ملزمان سمیت گیارہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کررکھا ہے، تاہم پولیس ابھی تک کوئی ملزم گرفتار نہیں کرسکی، قبضہ مافیا کی جانب سے سرعام فائرنگ کے واقعہ پر شہریوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
ادھر برکی پولیس نے اسلحہ کے زور پر زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کرنے والے سات ملزموں کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزموں میں شہباز، حبیب، کامران، ماجد، بابر، عثمان اور وسیم شامل ہیں جن کے قبضے سے 5 رائفلیں، 5 پستول، درجنوں میگزین اور گولیاں برآمد کر کے مقدمات درج کر لیے گئے۔