سٹی 42:سندھ کے ضلع لاڑکانہ اور خیر پور میں تالاب اور نہر میں نہاتے ہوئے 7 کمسن بچے جاں بحق ہو گئے ۔ وزیراعلی سندھ سندھ مراد علی شاہ دونوں واقعات پر پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں تالاب میں نہاتے ہوئے تین کمسن بچیاں ڈوب کر جاں بحق ہوگئیں۔پولیس کے مطابق واقعہ تحصیل باقرانی کے نواحی گاؤں عبدالصمد تنیو میں پیش آیا، جہاں نہانے کے دوران تینوں بچیاں تالاب میں ڈوب گئیں۔ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشیں نکال کر چانڈکا اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ منتقل کیں، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔جاں بحق ہونے والی بچیوں میں دو سگی بہنیں جبکہ ایک ان کی کزن تھی۔
دوسری جانب خیرپور کے پیر گوٹھ کے قریب گاؤں گابر میتلو میں لالن واہ نہر میں نہاتے ہوئے تین سگی بہنیں اور ایک معصوم بھائی ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت سراج، کونج، پارس اور دودی کے ناموں سے ہوئی ہے۔
دونوں افسوسناک واقعات کے بعد متاثرہ خاندانوں میں کہرام مچ گیا، جبکہ متعلقہ علاقوں میں سوگ کی فضا ہے۔ شہریوں نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے واقعہ کو انتہائی افسوسناک اور غمزدہ قرار دیتے ہوئےڈی سی لاڑکانہ اور ڈی سی خیر پور کو متاثرہ خاندانوں سے ہرممکن تعاون کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے پسماندگان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔