عرفان ملک:لاہور میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے انخلا کا عمل بدستور جاری ہے۔
لاہور پولیس کے مطابق رواں برس غیر قانونی طور پر مقیم 2,005 افغان باشندوں کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران 1,918افغان باشندوں کو وطن واپس بھجوایا گیا، جبکہ 31افراد کو قانونی کارروائی کے بعد جیل منتقل کیا گیا۔ مزید 56 غیر قانونی افغان باشندوں کو ہولڈنگ سینٹرز منتقل کر دیا گیا ہے.
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی ہے کہ صوبائی دارالحکومت سے تمام غیر قانونی مقیم افراد کا انخلا یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ڈویژنل ایس پیز کو بھی اپنے اپنے علاقوں میں انخلا کے عمل کی خود نگرانی کرنے کا حکم دیا ہے۔
لاہور پولیس کے مطابق جن افغان باشندوں کے ویزوں کی مدت ختم ہو چکی ہے، ان کی واپسی کے عمل کو مزید تیز کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ اور کارروائیاں جاری ہیں۔