علی رامے: لاہوریئے ہوشیار خبردار!! ڈیلٹا وائرس ہر گھر کے دروازے پر دستک دینے لگا۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈیلٹا وائرس کے 100 نئے مریض سامنے آگئے، پنجاب میں بھارتی ڈیلٹا وائرس کے کیسز کی تعداد 180 ہو گئی۔
محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق سب سے زیادہ کیسز لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق 18 جولائی کے بعد کیسز کی شرح میں مزید اضافہ ہواہے اور کورونا کے مثبت کیسز میں ڈیلٹا ویرئنٹ کی موجودگی کی شرح بھی بڑھ رہی ہے۔ دو ہفتوں میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی دوبارہ ٹیسٹنگ سے ڈیلٹا ویرئنٹ کے 180 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔
زرائع کا کہنا ہے کہ عید سے قبل کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں ڈیلٹا وائرس کی شرح 70 فیصد سے کم تھی جبکہ عید کے بعد یہ شرح 80 سے 84 فیصد تک جا پہنچی ہے۔
دوسری جانب ملک بھر میں کورونا کی چوتھی لہر میں شدت برقرار ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا سے 39افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ کورونا کے مثبت کیسز میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ این سی او سی کے مطابق پاکستان بھر میں 3 ہزار 262نئے کیسز سامنے آچکے ہیں، مثبت کیسز کی مجموعی شرح 6-6 فیصد رہی جبکہ کورونا کے 49 ہزار 412ٹیسٹ کئے گئے۔ صوبائی دارالحکومت کی بات کی جائے تو 24 گھنٹوں میں کوروناسے 6 افراد جان کی بازی ہار گئے، شہر میں کوروناکے 240 نئےکیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔