(ویب ڈیسک) بھارت کی ریاست جھاڑ کھنڈ کےضلع پلامو کے حسین آباد پولیس اسٹیشن کے انچارج انسپکٹر بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر سوشل میڈیا ایپ ریل (REEL) پر بنائی گئی ویڈیو کی وجہ سے تنازعہ میں پھنس گئے ہیں۔ پولیس اسٹیشن کے احاطے میں وردی پہن کر اپنی بیوی کے ساتھ ریل بنانا اب اسکے لئے مشکلات کا باعث بن گیا ہے۔ جیسے ہی یہ ریل سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، معاملہ بڑھ گیا، جس سے محکمہ پولیس نے اسے سنجیدگی سے لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق پلامو۔ حسین آباد ضلع کے اسٹیشن انچارج انسپکٹر سونو چودھری نے یوم جمہوریہ کے موقع پر پولیس اسٹیشن کے احاطے میں اپنی بیوی کے ساتھ ایکREEL بنائی ۔ ریل میں وہ وردی میں نظر آرہے ہیں اور ان کی اہلیہ بھی پولیس کی ٹوپی پہنے نظر آرہی ہیں۔ دونوں ڈانس کرتے نظر آ رہے ہیں۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی پولیس کے وقار اور نظم و ضبط پر سوالات اٹھنے لگے۔معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے، حسین آباد کے ایس ڈی پی او محمد یعقوب نے نجی ٹی وی چینل کو بتایا کہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تحقیقات میں اس بات کا تعین کیا جائے گا کہ کیا ’’ ریل‘‘ بنانے کے لیے پولیس اسٹیشن کے احاطے اور وردی کا استعمال قوانین کے خلاف تھا۔ تحقیقاتی رپورٹ آنے کے بعد انسپکٹر سونو چودھری کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق پلامو کی ایس پی ریشما رمیشن نے معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیشن انچارج کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ اگر قصوروار پایا گیا تو اس کے خلاف قواعد کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ محکمہ پولیس کے وقار اور نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔اس پورے واقعے نے ایک بار پھر سوشل میڈیا کے دور میں وردی پوش افسران کے لیے ذمہ داری اور طرز عمل کی حدود پر سوال کھڑا کر دیا ہے۔ محکمانہ انکوائری اب اس بات کا تعین کرے گی کہ پولیس اسٹیشن جیسے حساس مقام پر وردی میں ’’ ریل‘‘ بنانا مناسب ہے یا نہیں۔