راؤ دلشاد : مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخواہ کی صوبائی تنظیم نے صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف سے پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر سابق سینیٹر اور اے این پی کے مرکزی سیکریٹری ا طلاعات زاہد خان نے نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوکر بھرپورسیاسی کردار ادا کرنے کاعزم دہرایا۔
زاہد خان نے اس موقع پر گفتگو میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور اسکے قائد محمدنواز شریف کانظریہ اورپروگرام ہی پاکستان اور خیبرپختونخواہ کے عوام کو موجودہ مسائل سے نجات دلواسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جناب محمد نواز شریف کی حکومت نے خیبرپختونخواہ کے عوام کو کئی عرصوں سے جاری دہشت گردی کا خاتمہ کر کے امن و سکون لوٹایا اور ملک کے لئے ترقیاتی منصوبے شروع کئے جن کی بدولت عوام کو فائدہ پہنچا۔
زاہد خان نے کہا کہ لواری ٹنل جیسا منصوبہ جو کہ سفیدہاتھی بن چکا تھا اسے جناب محمد نواز شریف نے مکمل کرواکر چترال کے عوام کے لئے بہترین سہولت فراہم کی۔ انہوں نے کہا کے خیبرپختونخواہ کی عوام وزیراعلی مریم نواز کی کارگردگی کو سراہتے ہیں اور اپنے صوبے میں بھی مسلم لیگ(ن) کی قیادت کے خواہاں ہیں۔
نواز شریف نے زاہد خان کی مسلم لیگ (ن)میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں پارٹی میں خوش آمدید کہا اور کہا کہ وہ منجھے ہوئے سیاسی کارکن ہیں اور ان کی شمولیت سے مسلم لیگ(ن) کی طاقت میں ا ضافہ ہوگا۔
نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ خیبرپختونخواہ پاکستان کا دل ہے اور وہاں کی عوام نے تحریک پاکستان اور دہشت گردوں کے خلاف بٹری قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی خوشحالی اور ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنا مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا ہے۔ جب بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا اسے سیاسی بحرانوں میں دھکیلا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ایک بار پھر ملک کو بحرانوں سے نکالنے کابیٹرہ اٹھایا اور اللہ تعالی کی مددسے پاکستان کی معشیت کو بحالی کے راستے پر ڈالا ہے۔ پاکستان کی ترقی کا سفر اس وقت تک مکمل نہیں ہوگا جب تک تمام صوبے اس میں شریک نہ ہوں، ملک میں سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل ترقی کے لئے ناگزیر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت پاکستان کو ترقی یافتہ معشیت میں ڈھالنے کے لئے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں کام کر رہی ہے۔
مرکزی سیکریٹری جنرل مسلم لیگ(ن) احسن اقبال ، امیر مقام صدر کے پی کے مسلم لیگ(ن)، جاوید مرتضی عباسی سیکریٹری جنرل کے پی کے، کیپٹن صفدر اور انوشہ رحمان ایڈشنل سیکریٹری جنرل مسلم لیگ(ن) اس موقع پر موجود تھے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے اس موقع پر صدر مسلم لیگ (ن) کو بریف کیا کہ ہزارہ ائیرپورٹ کی فنڈنگ کو پی ٹی آئی کی حکومت میں روک کر منصوبے کو ترک کردیا گیاتھا۔ جس پر نواز شریف نے وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے 20 پسماندہ ترین اظلاع کے لئے ترقیاتی منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کو پسماندہ علاقوں کی ترقی کی دوڑ میں آگے لانے کے لئے خصوصی اقدامات اٹھانے چاہئے ہیں تاکہ ترقی میں کوئی علاقہ یا طبقہ محروم نہ رہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی نے خیبرپختونخواہ ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفینگ بھی دی۔