کلیم اختر: نادرا کی جانب سے شہریوں کی سہولت کے پیش نظر لاہور اور اس کے گرد و نواح میں مختلف ڈاک خانوں میں نادرا کے خصوصی کاؤنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے 5 اہم ڈاک خانوں میں نادرا کے کاؤنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔ لاہور ریجن کے منتخب اضلاع میں بھی 11 ڈاک خانوں میں خصوصی نادرا کاؤنٹرز کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جن میں لاہور کینٹ، جی پی او اور مانگا منڈی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شیر شاہ کالونی، شاہدرہ، قلعہ شیخوپورہ اور قصور میں بھی یہ کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔
نادرا لاہور ریجن کی نگرانی میں محکمہ پاکستان پوسٹ اور پنجاب ریجن کے تعاون سے یہ کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو آسانی سے ان کی رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
اس کے علاوہ نادرا کی جانب سے نارووال، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور اوکاڑہ کے ڈاک خانوں میں بھی خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں تاکہ بڑھتی ہوئی آبادی اور شہریوں کی رجسٹریشن کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔