ویب ڈیسک : قبائلی ضلع خیبر کے جمرود کے علاقے سور کمر میں شادی کی ایک تقریب میں ہوائی فائرنگ کے دوران گولی لگنے سے دولہا جاں بحق ہوگیا، جبکہ دو افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شادی کی تقریب میں روایتی ہوائی فائرنگ کی جا رہی تھی کہ اسی دوران فائر ہونے والی گولی دولہا اسد کو لگ گئی، جو شدید زخمی ہو کر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
جاں بحق ہونے والے دولہا اسد کا تعلق افغانستان سے بتایا جا رہا ہے، واقعے میں دو دیگر افراد بھی فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر جمرود سول اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کر کے تھانہ جمرود منتقل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ گرفتار ملزم سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ علاقہ مکینوں اور لواحقین نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔