ویب ڈیسک: لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں اسٹیج اداکارہ ثمر رانا کو گھریلو ملازمہ پر تشدد اور مبینہ زیادتی کیس میں پیر کے روز گرفتار کر لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے اداکارہ کے گھر چھاپہ مار کارروائی کے دوران انہیں حراست میں لیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ثمر رانا کے گھر میں 14 سالہ گھریلو ملازمہ کو 5افراد نے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
نواب ٹاؤن پولیس کا کہنا ہے کہ نہ صرف لڑکی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا گیا بلکہ واقعے کی ویڈیو بھی ریکارڈ کی گئی جبکہ اداکارہ پر تشدد اور ڈرانے دھمکانے کا بھی الزام ہے۔ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ متاثرہ لڑکی اور اس کے اہل خانہ کو ہر صورت انصاف دلایا جائے گا۔
پولیس کی جانب سے مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ متاثرہ بچی کا طبی معائنہ بھی کروا لیا گیا ہے۔