زاہد چودھری:لاہور کے جناح ہسپتال لاہور میں کارڈیک سرجری کے لیے مریضوں سے غیر قانونی وصولیوں کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دل کے بائی پاس آپریشن کے لیے مریضوں سے دو لاکھ روپے تک وصول کیے جاتے رہے، جبکہ انتظار کی فہرست سے ہٹ کر جلد سرجری کروانے کے لیے بھی اضافی رقم لینے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔
معاملہ سامنے آنے پر ہسپتال کے شعبہ کارڈیک سرجری کے سربراہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ اسسٹنٹ پروفیسر کارڈیک سرجری ڈاکٹر رافع گیلانی کو محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق دل کے مریضوں سے مبینہ طور پر پیسے لینے کے اس معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی متوقع ہے۔