شاہد ندیم سپرا:لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) میں سولر سسٹمز کے ذریعے بجلی کی پیداوار میں نمایاں اور ریکارڈ اضافہ سامنے آیا ہے، جس سے نہ صرف توانائی کے شعبے کو سہارا ملا بلکہ اربوں روپے کی بچت بھی ممکن ہوئی۔
دستاویزات کے مطابق نیٹ میٹرنگ پراجیکٹ کے تحت لیسکو میں تقریباً 1987 میگاواٹ کیپسٹی کے کنکشنز نصب کیے جا چکے ہیں، جس کے نتیجے میں قریب 2 ہزار میگاواٹ بجلی کی پیداوار ہو رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق رجسٹرڈ ایک لاکھ 34 ہزار صارفین نے گزشتہ ایک سال کے دوران مجموعی طور پر 2 ارب 90 کروڑ یونٹس بجلی پیدا کی، جس کی مالیت تقریباً 87 ارب روپے بنتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر یہ بجلی سولر سسٹمز کے ذریعے پیدا نہ ہوتی تو حکومت کو مہنگے ذرائع سے بجلی پیدا کرنا پڑتی، جس سے نہ صرف قومی خزانے پر بوجھ بڑھتا بلکہ صارفین کے بجلی کے بلوں میں بھی نمایاں اضافہ ہو سکتا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ سولر توانائی کے فروغ سے نہ صرف ماحول دوست بجلی کی پیداوار ممکن ہو رہی ہے بلکہ توانائی کے بحران پر قابو پانے میں بھی مدد مل رہی ہے۔