عابد چودھری:لیاقت آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واردات کا ڈرامہ رچانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا، جس نے کولیکشن کی رقم ہتھیانے کے لیے ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزم نے ریسکیو ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے مؤقف اختیار کیا کہ علی پارک کے قریب چار نامعلوم افراد نے اس سے گن پوائنٹ پر رقم اور موبائل فون چھین لیا۔ تاہم ابتدائی تحقیقات کے دوران ملزم زیادہ دیر تک پولیس کو چکمہ نہ دے سکا اور جلد ہی اعتراف جرم کر لیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے مبینہ طور پر مسروقہ رقم ایک لاکھ 27 ہزار روپے برآمد کر لی گئی ہے، جبکہ اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی نے کہا ہے کہ ایمرجنسی ہیلپ لائن پر جھوٹی کال کرنا سنگین جرم ہے اور اس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں، شہری اس عمل سے گریز کریں۔