سٹی42: ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عرب لیگ اور پاکستان، ترکیہ، ملائیشیا اور انڈونیشیا کے وزارتی اجلاس میں شرکت کی، جس میں یروشلم کی صورتحال پر غور کیا گیا۔
ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مسجد اقصیٰ اور حرم الشریف کے خلاف مسلسل خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ مشرقی یروشلم میں تاریخی اور قانونی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوششیں قابل تشویش ہیں۔ ڈپٹی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان یروشلم میں اسلامی اور مسیحی مقدس مقامات پر اردن کی ہاشمی سرپرستی کی مستقل حمایت کرتا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت کرتا ہے اور فلسطینی عوام کے لیے آزاد، خودمختار اور متصل ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے فلسطینی ریاست 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر قائم ہونی چاہیے اور القدس الشریف فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ اردن کی میزبانی میں ہونے والا اجلاس 5 اگست 2026 کو عمان میں یروشلم سے متعلق وزارتی اجلاس کا تسلسل تھا۔