ویب ڈیسک : ایف بی آر نے تمام فیلڈ فارمیشنز کو سرکاری گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی میں 50 فیصد کمی کے حکومتی فیصلے پر من و عن عملدرآمد کی ہدایت کردی۔
ایندھن میں کمی کا یہ اقدام 3 ماہ کے لیے ہوگا جبکہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل قرار دیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی میں 50 فیصد کمی فوری طور پر نافذ کی جائے گی۔ ایف بی آر کی جانب سے تمام متعلقہ فیلڈ فارمیشنز کو حکومتی فیصلے کے مطابق ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق آپریشنل گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی میں 50 فیصد کمی نہیں ہوگی۔ ضروری خدمات انجام دینے والی گاڑیاں اور ایف بی آر کی آپریشنل گاڑیاں بھی ایندھن کی کمی کے فیصلے سے مستثنیٰ ہوں گی۔ایف بی آر نے واضح کیا کہ مستثنیٰ اداروں کی انتظامی اور غیر آپریشنل گاڑیوں پر ایندھن میں کمی کا فیصلہ لاگو ہوگا۔ اس طرح استثنیٰ صرف ضروری خدمات اور آپریشنل نوعیت کی گاڑیوں تک محدود رہے گا۔
مراسلے میں تمام متعلقہ حکام کو آپریشنل گاڑیوں کے ایندھن کے بجٹ کی ضرورت سے بھی آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایف بی آر نے فیلڈ فارمیشنز کو حکومتی فیصلے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کا کہا ہے۔