(مانیٹرنگ ڈیسک) آسٹریلیا میں کھانا ڈلیور کرنے والے ڈرون پر ایک بھوکے کوّے نے حملہ کردیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
اکثر مشاہدے میں آیا ہے کہ ماں اپنے بچوں کی خاطر بڑے سے بڑا خطرہ بھی مول لیتی ہے، ممتا کا یہی جذبہ پرندوں و دیگر جانداروں میں بھی پایا جاتا ہے، اسی قسم کا ایک واقعہ آسٹریلیا میں پیش آیا جہاں ایک کھانا ڈیلیور کرنے والی کمپنی کے ڈرون پر بھوکے کوّے نے حملہ کردیا۔
واقعے کی ویڈیو بین رابرٹ نامی شخص نے بناکر انٹرنیٹ پر شیئر کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔ بین رابرٹ اکثر مذکورہ کمپنی سے کھانا منگواتے رہتے ہیں اور واقعے کے روز بھی انہوں نے ڈرون کے ذریعے کھانا پہنچانے کا کہا۔
صارف کے آرڈر پر کمپنی نے ڈرون کی مدد سے بھیجا لیکن راستے میں کوّے نے ڈرون پر حملہ کردیا جس کی وجہ سے ڈرون نے سڑک پر ہی کھانا ڈیلیور کردیا تاکہ وزن کم کرکے اپنا توازن برقرار رکھ سکے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کوّا ڈرون کے پچھلے حصّے سے لپٹ گیا اور اپنی چونچ سے حملہ کرتا رہا۔
محکمہ جنگلی حیات کا کہنا ہے کہ انڈے دینے کا موسم ہے، کسی درخت پر کوّے کے انڈے موجود ہوں گے جس کی حفاظت کے لیے کوّے نے ڈرون پر حملہ کیا۔
ویڈیو دیکھنے کیلئے لنک پر کلک کریں