کاوش میمن :عیدالاضحیٰ اپنے پیاروں کے ساتھ منانے کے لیے پردیسیوں کی گھروں کو واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جس کے باعث کراچی کے مختلف بس اڈوں پر مسافروں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
دوسری جانب ٹرانسپورٹرز کی جانب سے اضافی اور من مانے کرائے وصول کیے جانے کی شکایات بھی سامنے آنے لگی ہیں۔
عید کی آمد کے ساتھ ہی اپنوں سے ملنے کی خوشی مہنگے سفری اخراجات کی نذر ہونے لگی ہے۔ مسافروں کے مطابق مختلف شہروں کے لیے کرایوں میں نمایاں اضافہ کردیا گیا ہے جس سے سفر کرنا مزید مشکل ہوگیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق کراچی سے حیدرآباد کا کرایہ بڑھ کر 800 روپے تک پہنچ گیا ہے جبکہ کراچی سے عمرکوٹ جانے والے مسافروں سے 2 ہزار روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔
اسی طرح اسلام آباد اور راولپنڈی کے لیے سفر کرنے والے مسافروں کو 9 ہزار روپے سے زائد کرایہ ادا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ لاہور جانے والوں سے 8500 روپے تک وصول کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر ٹرانسپورٹرز اضافی کرایے وصول کر کے عوام کو مشکلات سے دوچار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں سفری اخراجات میں اضافے نے عید کی خوشیوں کو متاثر کر دیا ہے۔
شہریوں نے حکومت اور متعلقہ ٹرانسپورٹ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ زائد کرایوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور مقررہ نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنا کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔