مبارک حسین اعوان:ہٹیاں بالا میں رات گئے پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں گاڑی گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 2 حقیقی کزن جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔
حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ سائیں باغ پٹرول پمپ کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتاری کے باعث گاڑی گہری کھائی میں جا گری۔ ریسکیو ٹیموں اور مقامی افراد نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمی اور جاں بحق افراد کو نکالا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت تیمور نذیر اور اویس رحیم کے نام سے ہوئی ہے، جو آپس میں حقیقی کزن تھے اور ان کا تعلق نکاں مغلاں چکوٹھی سے بتایا جا رہا ہے۔
حادثے میں زخمی ہونے والے وحید کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
واقعے کے بعد اہل خانہ اور علاقہ مکین شدید غم میں مبتلا ہیں جبکہ جاں بحق نوجوانوں کے گھروں میں کہرام مچ گیا ہے۔