سٹی 42 : اسلام آباد میں انسانی اعضا کی غیر قانونی خرید و فروخت کا کیس، عدالت نے 5 ملزمان کو 4 دن کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں انسانی اعضا کی غیر قانونی خرید و فروخت کے کیس کی سماعت ہوئی، جس کے دوران ایف آئی اے کیجانب سے گرفتار ملزمان عدالت میں پیش کیے گئے ۔ ڈیوٹی جج میاں اظہر ندیم کی عدالت میں ملزمان کو پیش کیا گیا، گرفتار ملزمان میں 3 غیر ملکی اور 2 پاکستانی شہری شامل ہیں۔
عدالت نے 5 ملزمان کو 4 دن کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ۔
خیال رہے کہ ایف آئی اے اور ہوٹا ٹیم کا ایف سیون اسلام آباد میں گزشتہ روز کاروائی کی تھی، چینی باشندوں سمیت پانچ افراد انسانی اعضا کیس میں گرفتار کیا گیا تھا، چھاپے کے دوران بڑی مقدار میں انسانی پلاسنٹا برآمد ہوا تھا، تازہ خشک اور پراسیس شدہ پلاسنٹا کا ذخیرہ قبضے میں لے لیا گیا تھا۔
ملزمان اسپتالوں سے انسانی پلاسنٹا حاصل کرنے میں مبینہ طور پر ملوث ہیں۔ پلاسنٹا پشاور راولپنڈی اور لاہور کے اسپتالوں سے جمع کیا جاتا تھا، پراسیس شدہ پلاسنٹا کو غلط ظاہر کرکے بیرون ملک بھیجا جاتا تھا، ملزمان پلاسنٹا کو بھیڑ کے اعضا ظاہر کرکے برآمد کرتے تھے۔
عدالت کی جانب سے جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزمان کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔