ویب ڈیسک:بھارتی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ کی مالی کامیابی اور کاروباری توسیع ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہے، جبکہ اداکارہ نے دولت اور کامیابی کے بارے میں اپنے خیالات بھی کھل کر بیان کیے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تمنا بھاٹیہ اب تک تقریباً 90 فلموں میں کام کر چکی ہیں اور ان کی مجموعی دولت ایک ارب بھارتی روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ رواں سال انہوں نے اپنا جیولری برانڈ تمنا فائن جیولری بھی متعارف کرایا۔
امریکی جریدے فوربز کو دیے گئے انٹرویو میں اداکارہ نے کہا کہ وہ اس حقیقت کو سمجھ چکی ہیں کہ دنیا کی کوئی بھی دولت انسان کے ساتھ نہیں جاتی، اسی لیے وہ صرف دولت جمع کرنے کے بجائے اس سفر اور تخلیقی عمل سے لطف اندوز ہونے کو زیادہ اہمیت دیتی ہیں۔
تمنا بھاٹیا کے مطابق ان کے لیے اصل خوشی اپنی محنت سے کچھ ایسا تخلیق کرنا ہے جو منفرد ہو اور طویل عرصے تک لوگوں کو یاد رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کامیابی، شناخت اور مالی ترقی کے سفر کو وہ مثبت انداز میں دیکھتی ہیں کیونکہ یہی چیز انہیں اطمینان فراہم کرتی ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ ایک مقام کے بعد صرف پیسہ انسان کو مزید خوشی نہیں دے سکتا، اسی لیے ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ بڑے مقاصد کے لیے کام کریں، جبکہ مالی کامیابی اکثر اسی کا قدرتی نتیجہ بن جاتی ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دوسروں کی مدد صرف کسی خاص موقع یا دن تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ کامیابی اور کاروباری سفر کے ساتھ یہ عمل مسلسل جاری رہنا چاہیے۔