فاران یامین:وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ریسکیو1122ے یومِ عاشور کے موقع پر صوبہ بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے ۔
ڈاکٹر رضوان نصیر نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 12 ہزار سے زائد ریسکیورز عاشورہ اور روٹین ریسکیو آپریشنز کے لیے تعینات کیے گئے ہیں،عزاداری جلوسوں، مجالس اور معمول کی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں،ریسکیو 1122 کی جانب سے صوبے بھر میں896 ایمبولینسز، 2300ریسکیو موٹر بائیک ،316 فائر اینڈ ریسکیو ایمرجنسی وہیکلز تعینات کیے گئے ہیں۔
ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 1300 سے زائد ریسکیورز فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ شہر میں 55 ایمبولینسز، 300 ریسکیو موٹر بائیکس اور 44 فائر و ریسکیو وہیکلز کو مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا ہے، جلوسوں اور مجالس کے قریب ریسکیورز میڈیکل کٹس کے ہمراہ موجود ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
ڈی جی ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ عاشورہ انتظامات کے ساتھ ساتھ معمول کے ریسکیو آپریشنز بھی جاری ہیں اور متبادل راستوں کے ذریعے عوام کو بروقت ایمرجنسی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریسکیو 1122 عوام کو فوری اور مؤثر ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔