ویب ڈیسک: شاد باغ کے علاقہ میں ایل پی جی گیس ریفلنگ کی دکان میں گیس سلنڈر پھٹ گیا۔ حادثے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ شادباغ کے علاقہ نیواں محلہ میں پیش آیا، جہاں اشرف نامی شخص کی ایل پی جی گیس ریفلنگ کی دکان میں گیس سلنڈر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔
گیس سلنڈر پھٹنے سے دکان میں آگ بھڑک اٹھی، جس کی اطلاع ملنے پر ایس پی سٹی اخلاق اللّٰہ تارڑ سمیت پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
حادثے کے نتیجے میں 25 سالہ ابوبکر موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ 32 سالہ عابد زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لئے کوٹ خواجہ سعید ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی کی حالت تسلی بخش بتائی جاتی ہے، تاہم جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔