وزیر اعظم نے اپنی شادی ملتوی کردی

وزیر اعظم نے اپنی شادی ملتوی کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: حکمرانی پھولوں کی نہیں کانٹوں کی سیج ہے،کبھی کبھی ایسا ہوتا ہے کہ فرض کی ادائیگی کیلئے اپنے ذاتی کام چھوڑنے پڑتے ہیں۔ایسا ہی کچھ  یورپی ملک ڈنمارک کی وزیر اعظم کے ساتھ ہوا ہے، ڈنمارک کی وزیراعظم میٹ فریڈرکسن نے آئندہ ماہ یورپی یونین کے ایک اہم اجلاس کی وجہ سے اپنی شادی ملتوی کر دی۔

سی این این کے مطابق یورپی یونین میں شامل ممالک کے سربراہان کا اجلاس 17 جولائی کو منعقد ہو گا اور کورونا وائرس کی وبا کے بعد یہ پہلی مرتبہ منعقد ہو رہا ہے۔اجلاس میں یورپی یونین کا بجٹ اور کورونا وائرس سے نمٹنے سے متعلق بات چیت کی جائے گی۔ ڈنمارک کی وزیراعظم میٹ فریڈرکسن کی شادی انہی تاریخوں میں طے ہے تاہم اب انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ اجلاس کی وجہ سے اپنی شادی ملتوی کر رہی ہیں۔

میٹ فریڈرکسن نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ وزیراعظم ہونے کی حیثیت سے ان پر بڑی ذمہ داری اجلاس میں شرکت کی ہے اس لیے وہ اپنی شادی ملتوی کر رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے اپنا کام کرنا ہے اور ڈنمارک کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کو اس بات کی بے حد خوشی ہے کہ ان کے منگیتر نہایت صابر ہیں۔

واضح رہے کہ دیگر ممالک کی طرح ڈنمارک بھی کورونا وائرس سے متاثر ہے اور وہاں کیسز کی تعداد 12 ہزار سے زائد اور اموات کی تعداد 603 ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 95 لاکھ 27 ہزار 766 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 4 لاکھ 84 ہزار 972 ہو گئیں۔ دنیا بھر میں 38 لاکھ 67 ہزار 378 مریض ہسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 58 ہزار 421 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 51 لاکھ 75 ہزار 416 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer