محکمہ ایکسائزنے شہریوں سے 2 ارب بٹور لیے

محکمہ ایکسائزنے شہریوں سے 2 ارب بٹور لیے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

فرید کوٹ ہاؤس (علی ساہی) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی مال بناؤ پالیسی،نمبرپلیٹس کا اجرا ہوا نہ سمارٹ کارڈ پھر بھی فیس کی وصولی دھڑا دھڑ جاری، محکمہ ایکسائز نے  شہریوں سے2 ارب بٹور لیے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ ایکسائز نے شہریوں سے 16 لاکھ سے زائد گاڑیوں کی نمبر پلیٹس اور 8 لاکھ سمارٹ کارڈز کی فیس کی مد میں 2 ارب سے زائد کی وصولی کر کے جیب میں ڈال لیے لیکن پلیٹس اور کارڈز کب جاری ہونگے کوئی معلوم نہیں، 13 لاکھ موٹر سائیکلوں، 3 لاکھ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی مد میں ایک ارب 45 کروڑ جبکہ 8 لاکھ سمارٹ کارڈز کے لیے شہریوں سے 60 کروڑ سے زائد کی رقم وصول کی گئی لیکن پچھلے ڈیڑھ سال سے نمبر پلیٹس اور 6 ماہ سے سمارٹ کارڈ کی ترسیل نہ جاری ہوسکی، شہریوں سے سمارٹ کارڈ 730، کار 1200 اور موٹرسائیکل نمبر پلیٹ کی 750روپے فیس کی مد میں وصول کی جارہی ہے۔

ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ نمبر پلیٹس کے کنٹریکٹ کا پراسیس جلد مکمل کر کے یونیورسل نمبر پلیٹس شروع کردی جائیں گی لیکن اس کے لیے ابھی تک فنانشل اور ٹیکنیکل بڈ مکمل نہیں ہوئی ایسے حالات میں مزید 5 سے 6 ماہ لگ سکتے ہیں۔

ایکسائز حکام کا مزید کہنا تھا کہ سمارٹ کارڈ کا میٹریل ختم ہوئے کئی ماہ گزر گئے ہیں جب اس کی ترسیل بہتر ہوگی تو شہریوں کو کارڈزکا اجرا ہوگا۔

واضح رہے کہ  18 دسمبر 2018 کو وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سمارٹ کارڈ  کا افتتاح کیا تھا،افتتاح کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ  ابتدائی طور پر روزانہ 8 ہزار کارڈ جاری ہوں گے تاہم بعد میں اس کی استعداد کو 20 ہزار روزانہ تک بڑھایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے منصوبے کے افتتاح پر 48 گھنٹوں میں کارڈ گھرتک پہنچانے کا وعدہ کیا گیا تھا، اس حوالے سے حکومت کو خود مداخلت کر کے معاملات بہتر بنانا ہوں گے۔

Sughra Afzal

Content Writer