طاہر جمیل: ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات تیز کرتے ہوئے شہر بھر میں 65 عارضی فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ریلیف کیمپس میں متاثرہ افراد کے لیے رہائش، طبی سہولیات، کھانے پینے کا انتظام اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔
حکام کے مطابق تحصیل سٹی میں 29، شالیمار میں 24، ماڈل ٹاؤن میں 7، رائے ونڈ میں 4 جبکہ کینٹ میں ایک فلڈ ریلیف کیمپ قائم کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پانچ تحصیلوں میں قائم کیے گئے ان کیمپوں میں ابتدائی طور پر 7 ہزار افراد کو ٹھہرانے کی گنجائش موجود ہے۔ ممکنہ سیلابی صورتحال کے دوران دریا کے قریب آباد شہریوں کو محفوظ مقامات پر واقع ریلیف کیمپس میں منتقل کیا جائے گا۔