وقاص احمد: خالق نگر کے علاقے میں بارشی پانی میں نہاتے ہوئے 15 سالہ لڑکا ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق بچہ بارش کے جمع شدہ پانی میں نہا رہا تھا کہ اچانک گہرے پانی میں ڈوب گیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو کی غوطہ خور ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور امدادی کارروائی شروع کی۔
ریسکیو غوطہ خوروں نے بچے کو پانی سے نکال کر فوری طبی امداد کی کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ بعد ازاں بچے کی لاش لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت 15 سالہ آصف رفیق کے نام سے ہوئی ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران جمع شدہ پانی اور نشیبی علاقوں میں نہانے یا غیر ضروری داخل ہونے سے گریز کریں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔