(ویب ڈیسک) راجن پور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 کا غیر حتمی غیر سرکاری رزلٹ آ گیا،پی ٹی آئی کے محمد محسن لغاری 90392 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ۔
ن لیگ کے عمار احمد خان لغاری 55218 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ،پیپلزپارٹی کے اختر حسین گورچانی20074 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر جبکہ تحریک لبیک کے محمود خان 3961 ووٹ لیکر چوتھے نمبر پر ہیں۔
حلقہ این اے 193 میں ضمنی انتخاب کیلئے صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہا، 3 لاکھ 79 ہزار 204 کے قریب ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ضمنی الیکشن میں 11 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا تاہم اصل مقابلہ (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کے درمیان ہوا، پی ٹی آئی کے محسن لغاری اور (ن) لیگ کے عمار لغاری میں کانٹے کا مقابلہ دیکھنے میں آیا، پیپلز پارٹی کے اختر حسن گورچانی بھی یہاں سے امیدوار تھے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقے میں ووٹنگ کیلئے 237 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے جن میں سے 68 کو حساس قرار دیا گیا، کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے 2 ہزار 650 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے، رینجرز اور آرمی کے جوانوں نے بھی گشت کیا۔
واضح رہے راجن پور کے حلقہ این اے 193 کی نشست پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سردار جعفر لغاری کے انتقال پر خالی ہوئی تھی، اس سے قبل پنجاب حکومت کی جانب سے این اے 193 کا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست بھی کی گئی تھی۔