(جنید ریاض) سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تعلیمی اداروں میں بچوں سے بائی ہینڈ وصولیوں کو غیرقانونی قرار دے دیا، احکامات کی خلاف ورزی پر متعلقہ سکولوں کو پندرہ سے بیس ہزار روپے تک جرمانہ کیا جاسکتا ہے۔
سرکاری ونجی سکولوں میں بائی ہینڈ اضافی فیس، جرمانے اور چارجز وصول کیے جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تعلیمی اداروں میں بچوں سے بائی ہینڈ وصولیوں کو غیرقانونی قرار دے دیا ہے، سکول سربراہان والدین سے تمام چارجز بذریعہ بنک وصول کریں گے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق سکول انتظامیہ تمام ادائیگیاں بذریعہ چالان فارم وصول کریں گے، احکامات کی خلاف ورزی پر متعلقہ سکولوں کو پندرہ سے بیس ہزار روپے تک جرمانہ کیا جاسکتا ہے، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام اتھارٹیز کو بائی ہینڈ جرمانہ کرنے والے سکولوں کی معلومات اکھٹی کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔واضح رہےکہ سکول ایجوکیشن نے بائی ہینڈ وصولیوں پر پابندی وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل پر شکایات موصول ہونے کے بعد لگائی ہے۔
دوسری جانب ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے لاہور کے 70 سکولوں کے سربراہان کو ڈینگی تدارک کیلئے اقدامات نہ کرنے پر وارننگ جاری کردی۔ ذرائع کے مطابق ان سکولوں میں گورنمنٹ سکول باغبانپورہ، مراکہ کوارٹر، مغلپورہ، شادباغ، رائیونڈ، علی رضاء آباد، سمن آباد، دھرم پورہ، شالیمار، اسلام پورہ، شاہدرہ، وحدت کالونی اور گھوڑے شاہ کے سکول شامل ہیں۔
ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کا کہنا ہے کہ ڈینگی تدارک کے لئےاقدامات نہ کرنے پر سکول سربراہان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔