مال روڈ (قذافی بٹ) پنجاب کابینہ میں ایجنڈے سے ہٹ کر میاں نواز شریف کا معاملہ کس نے اٹھایا ؟ اجلاس کی اندرونی کہانی نے پول کھول دیا، سابق وزیر اعظم کی ضمانت کا معاملہ ایجنڈے کا حصہ ہی نہ تھا۔
ذرائع کا کہنا تھاکہ نوازشریف کی ضمانت میں توسیع نہ دینے کا معاملہ کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں نہیں تھا وزیر صحت اور وزیر اطلاعات نے اجلاس شروع ہوتے ہی مسئلہ اٹھا دیا، یاسمین راشد اور فیاض الحسن نے معاملہ اٹھا کر مزید توسیع کی مخالفت کی جبکہ ایک وزیر کی جانب سے صوبائی وزیر صحت کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا کہ آپ کی وجہ سے نوازشریف کی غلط رپورٹس بنوا کر انہیں باہر بھیجنے کا بہانہ بنا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار پر وزراء کی جانب سے زور دیا گیا کہ وفاقی حکومت کو خط لکھا جائے، حکومتی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ مریم نواز کو برطانیہ بھیجنے سے روکنے کے لئے نوازشریف کی ضمانت میں توسیع نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ مسلم لیگ (ن) پر دباﺅ بڑھایا جاسکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کے پاس ایسی اطلاعات ہیں کہ آئندہ چند روز میں نوازشریف کی صحت خراب ہونے کا معاملہ اٹھایا جائے گا، اسی چیز کو بنیاد بنا کر مریم نواز کو باہر بھیجنے کی تیاریاں مکمل ہیں۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مریم نواز کے متوقع ایشو کو کاؤنٹر کرنے کے لئے (ن) لیگ پر دباو ڈالنے کی کوشش کی جائے گی۔