( زاہد چوہدری ) نوسر باز کا مریضوں کو جھانسہ دیکر پیسے بٹورنے کا انکشاف ہوا، جلو موڑ کی رہائشی فیملی نے جعلی ڈاکٹر پر 10 ہزار ہتھیانے کا الزام لگایا، ہسپتال انتظامیہ نے تفتیش کیلئے ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا۔
جنرل ہسپتال میں سادہ لوح مریضوں کو جھانسہ دے کر رقم بٹورنے والا جعلی ڈاکٹر رنگے ہاتھوں دھر لیا گیا۔ جنرل ہسپتال کی سکیورٹی کی جانب سے مریضوں کی نشاندہی پر نوسرباز کو پکڑا گیا۔ ملزم نے جعلی ڈاکٹر بن کر جلو پارک کے رہائشی مریض سے علاج فراہم کرنے کے نام پر 10 ہزار روپے بٹورے تھے اور دیگر مریضوں کو بھی جھانسہ دے کر لوٹنے کیلئے کوشاں تھا کہ اسے سکیورٹی اہلکاروں نے پکڑ لیا۔
ابتدائی تفتیش میں سامنے آیا کہ جعلی ڈاکٹر کا نام حافظ محمد اسد ہے اور وہ رحیم یار خان کا رہائشی ہے۔ جنرل ہسپتال انتظامیہ نے جعلی ڈاکٹر کو مزید کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔