ویب ڈیسک:سابق ٹیسٹ کرکٹر اور 92 ورلڈ کپ کے اسکواڈ کے حصہ رہنے والے رمیز راجہ کو نیا چیئرمین پی سی بی بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا، احسان مانی نے چیئرمین پی سی بی کا عہدہ چھوڑ نے کا فیصلہ کر لیا،درمیانی عرصے میں وسیم خان قائم مقام چیئرمین ہوں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کی بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ تقرری کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم آفس نے رمیز راجہ کو فون کر کے چیئرمین پی سی بی بنائے جانے کی اطلاع دی۔سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ نے غیر ملکی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی سی بی بننا میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے۔وزیراعظم کے اعتماد پر شکر گزار ہوں، مجھے عوام کی سپورٹ اور دعاؤں کی ضرورت ہے، بہتری کا حصول میرا ہدف ہے۔
دنیا بھر سے سابق کھلاڑی اور کمنٹیٹرز رمیز راجہ کو مبارکباد دے رہے ہیں، سوشل میڈیا پر بھی رمیز راجہ ٹاپ ٹرینڈ بن گئے ہیں، رمیز راجہ 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے، رمیز راجہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی رہے۔
انہوں نے 57 ٹیسٹ میچز میں2ہزار833 رنز بنائے، 198 ون ڈے میچز میں 5 ہزار 841 رنز اسکور کیے، رمیز راجہ نے کمنٹری کے میدان میں بھی خوب نام کمایا،رمیز راجہ کے بھائی وسیم حسن راجہ بھی ٹیسٹ کرکٹر تھے۔