مانیٹرنگ ڈیسک: سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کا بینچ ڈی لسٹ کر دیا گیا جبکہ بینچ کے سامنے سماعت کے لیے مقرر تمام مقدمات بھی ڈی لسٹ کر دیے گئے۔
رجسٹرار سپریم کورٹ نے مقدمات ڈی لسٹ ہونے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا تاہم نوٹی فکیشن میں بینچ ڈی لسٹ کرنے کی وجوہات نہیں بتائی گئیں۔چیف جسٹس پاکستان کے بینچ میں جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس اطہر من اللّٰہ بھی شامل تھے۔ بینچ کے سامنے آج 12 مقدمات سماعت کے لیے مقرر کیے گئے تھے۔
سپریم کورٹ کے بینچ نمبر دو کے مقدمات کی فہرست بھی منسوخ کر دی گئی جبکہ جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل بینچ کی کاز لسٹ بھی منسوخ کر دی گئی۔
بینچ نمبر دو کے تمام مقدمات کی سماعت کے لیے جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس امین الدین خان پر مشتمل نیا بینچ تشکیل دے دیا گیا۔ سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے نئے بینچ نمبر دو کے مقدمات کی فہرست جاری کر دی۔